اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کراچی میں جاری رینجرز کے آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ حکومت اس معاملے پر کسی بھی سیاسی دباؤ یا بلیک میلنگ کو برداشت نہیں کرے گی۔
ایوان صدر میں وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی آپریشن کی حمایت کرتی ہے اور شہر میں امن قائم کرنے اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرنے کے لیے بلا تفریق ایکشن لیا جائے گا۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ مذہب اور سیاست کے نام پر کسی کو بھی مجرمانہ سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سینیٹ اراکین ہونے کی حیثیت سے پرویز رشید اور مشاہد اللہ نے بالترتیب اطلاعات اور ماحولیات کے وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ جہاں صدر ممنون حسین نے ان سے حلف لیا۔
واضح رہے کہ ان دونوں وزراء کی مدت وزارت 11 مارچ کو اختتام پذیر ہوگئی تھی، تاہم نیا حلف اٹھانے کے بعد اب دونوں نے اپنا عہدہ دوبارہ سنبھال لیا ہے۔
وزیر اطلاعات پرویز رشید جو حکومت کے ترجمان بھی ہیں، کا کہنا تھا کہ رینجرز سمیت سیکیورٹی ایجنسیوں کا سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں اور وہ جمہوری طور پر منتخب شدہ حکومت کے فیصلوں کے مطابق ایکشن لیتی ہیں۔
پرویز رشید کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی کو کراچی آپریشن سے متعلق شکایات ہیں تو وہ آزاد عدلیہ سے رجوع کرے۔ ‘ہم مصلحت کی نہیں ، مفاہمت کی سیاست کرتے ہیں’۔
کراچی آپریشن میں وفاقی اورسندھ حکومت کے کے کردار سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ‘وزیراعظم نواز شریف کہہ چکے ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اس آپریشن کے کپتان تھے’۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں وزیراعظم کی زیر صدارت کراچی میں امن و امان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں سندھ کے وزیراعلیٰ نے تمام فیصلوں کی حمایت کی تھی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ قبائلی علاقوں میں آپریشن ضرب عضب اور کراچی میں جاری آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق سے شروع کیا گیا اور وزیراعظم نے خود اس کے آغاز سے قبل کراچی کا دورہ کیا تھا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی میں رینجرز کے آپریشن کی مکمل حمایت کرتی ہے اور کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے حوالے سے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اگرکوئی مجرم کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا اور دفتر استعمال کرتا ہے تو یہ اس جماعت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مجرم کو قانون کے حوالے کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جمہوری جماعت کو اس کے حقوق سے محروم نہیں کیا جاسکتا اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے تاہم حکومت کسی کو بھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی اجازت نہیں دے گی۔
سینیٹر پرویزرشید کا کہنا تھا کہ ان کو یقین ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حمایت کرتے ہوئے ریاستی اداروں کو ملک میں قانون کی بالا دستی قائم کرنے کے سلسلے میں تعاون فراہم کریں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی بھی مدرسے میں یا کسی سیاسی جماعت کے دفتر میں کوئی مجرم موجود ہے تو اسے گرفتار کیا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔
پرویز رشید کا مزید کہنا تھا کہ بدسلوکی اور گولیوں کے کلچر کا خاتمہ ہونا چاہیے اور سیاسی رہنماؤں کو نہ صرف قانون کی عزت کرنی چاہیے بلکہ سیکیورٹی اداروں کی سالمیت اور عزت سے متعلق قوانین پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی خیال رکھنا چاہیے کہ لفظوں کے انتخاب کا اثر آپ کی اپنی شخصیت پر ہوتا ہے۔