کواٹر فائنل کے لیے آٹھ حتمی ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا ہے۔پول اے سے نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا اور بنگلہ دیش نے کواٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا اور پول بی سے کواٹرفائنل میں جگہ بنانے والوں میں بھارت، ساؤتھ افریقہ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔
کواٹر فائنل میں کون کس کے مدِمقابل اور کب؟
ساؤتھ افریقہ بمقابلہ سری لنکا
پہلا کواٹر فائنل ساؤتھ افریقہ اور سری لنکا کے درمیان 18 مارچ کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
پول اے سے کوالیفائی کرنی والی سری لنکا کی ٹیم نے پول سٹیج میں چھ میچ کھیلے جن میں سے دو میں اس کو شکست اور چار میں کامیابی حاصل ہوئی۔
ٹورنامنٹ کے اس مرحلے میں سری لنکا نے آٹھ پوائنٹ حاصل کیے اور اس کا اوسط رن ریٹ 0.37+ رہا۔
دوسری جانب پول بی سے کوالیفائی کرنے والی ساؤتھ افریقہ کی ٹیم نے بھی چار فتوحات کے ساتھ آٹھ پوائنٹ حاصل کیے اور اس کا اوسط رن ریٹ 1.71+ رہا جو اس کے حریف سری لنکا سے کافی بہتر ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ایک کانٹےدار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔
بھارت بمقابلہ بنگلہ دیش
دوسرا کواٹرفائنل 19 مارچ کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔
بھارت جس نے پول بی سے کوالیفائی کیا ہے ٹورنامنٹ کے اس مرحلے میں ناقابلِ شکست رہا۔ بھارت کو 12 پوائنٹس حاصل ہیں اور اب تک اس کا اوسط رن ریٹ 1.83+ ہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم پول مرحلے میں تین میچ جیتنے میں کامیاب رہی، دو میں اس کو شکست ہوئی اور ایک میچ بغیر فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔
بنگلہ دیش کے سات پوائنٹس ہیں اور اس کا اوسط رن ریٹ 0.14+ ہے۔
ماہرین اس مقابلے میں بھارت کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔
آسٹریلیا بمقابلہ پاکستان
تیسرا کواٹر فائنل 20 مارچ کو ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلاجائے گا۔
نو پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا پول اے سے کولیفائی کرنی والی تیسری ٹیم ہے۔ پول سٹیج میں آسٹریلیا کو چار میچوں میں کامیابی، ایک میں شکست اور ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ اب تک آس کا اوسط رن ریٹ 2.26+ رہا۔
پاکستان نے پول مرحلے میں آٹھ پوائنٹ حاصل کر کے کواٹر فائنل میں پہنچنے تک کامیاب ہوا ہے۔
اگرچہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی اور پاکستان اپنے پہلے دونوں میچ ہار گیا تھا لیکن آخری چار میچوں میں پاکستانی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور کواٹر فائنل تک رسائی کو یقینی بنایا۔
پاکستان نے پول مرحلے میں آٹھ پوائنٹس حاصل کیے اور اس کا اوسط رن ریٹ 0.09- رہا۔
نیوزی لینڈ بمقابلہ ویسٹ انڈیز
چوتھا اور آخری کواٹرفائنل 21 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہے اور اس کے 12 پوائنٹس ہیں۔
نیوزی لینڈ کا اوسط رن ریٹ پول مرحلے میں 2.56+ رہا جو تمام دوسری ٹیموں سے بہتر ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کو تین میچوں میں فتح اور تین میں شکست نصیب ہوئی۔ پول B میں آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز دونوں کے چھ پوائنٹس ہیں لیکن 0.05- کے نسبتاً بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز نے کواٹر فائنل میں کوالیفائی کیا ہے۔