لاہور: یوحنا آباد خودکش حملوں کے خلاف ملک بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے جب کہ سانحہ کے خلاف 2 علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلئے گئے۔
سانحہ یوحنا آباد کے خلاف پنجاب کے تمام مشنری اسکول ایک روز کے لئے بند ہیں جب کہ وکلا برادری کی جانب سے آج یوم سیاہ منایاجارہا ہے، ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں وکلا بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر پیش ہوئے اور بار ایسوی ایشن کے دفاتر پر سیاہ پرچم بھی لہرائے گئے جب کہ سانحے کے خلاف 2 علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلئے گئے۔ فیصل آباد کے ملت روڈ پرمسیحی برادری کی جانب سے شدید احتجاج کیا اور مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر سڑک ٹریفک کے لئے بند کردی۔ دوسری جانب یوحنا آباد خودکش دھماکوں کے 2 علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلئے گئے جب کہ وزیراعلی پنجاب نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے 5،5 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے 75،75 ہزار روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
کوئٹہ میں کیتھولک بورڈ آف ایجوکیشن انتظامیہ کی جانب سے مشنری اسکول آج بند ہیں جب کہ پاکستان نرسنگ فیڈریشن بلوچستان کی جانب سے یوحنا آباد خودکش دھماکوں کے خلاف 3 روزہ سوگ منایا جارہا ہے اور تمام نرسیں بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر ڈیوٹی دینے کے لئے آئیں جب کہ ایس ایس پی آپریشن اعتزاز گورایہ کا کہنا ہے کہ مسیحی آبادیوں اور ارد گرد کے علاقوں میں سیکیورٹی بڑھادی گئی جب کہ کوئٹہ میں تمام چرچوں کی حفاظت کے لئے اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔
ادھر کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجاً مشنری اسکولز بند ہیں جب کہ مسیحی برادری سراپا احتجاج ہے۔
یوحنا آباد خودکش حملوں کے 2 علیحدہ علیحدہ مقدمات درج
وقتِ اشاعت : March 16 – 2015