کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے سے دو کانکن دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے میر زمان اور خیر زمان دونوں بھائی ہیں اور ان کا تعلق سوات سے بتایا گیا ہے۔ دونوں بھائی شاہرگ میں واقع پی ایم ڈی سی کی کوئلہ کان میں کام کررہے تھے اس دوران گیس بھرنے کی وجہ سے دونوں بھائی بے ہوش ہوگئے ۔قریبی کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں نے دونوں کانکنوں کو کان سے نکال کر شاہرگ اسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹرز کے پہنچنے سے قبل دونوں جان کی بازی ہار گئےْ لاشیں ضروری کارروائی کرنے کے بعد آبائی علاقے روانہ کردی گئی۔