کوئٹہ: سینٹرل جیل مچھ میں قید صولت مرزا کی پھانسی کی نئی تاریخ مقرر کرنے کیلئے جیل انتظامیہ نے متعلقہ عدالت کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔ پھانسی پر عملدرآمد میں مزید دو دن کی تاخیر ہوسکتی ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق صولت مرزا کی پھانسی 72 گھنٹے تک مؤخر کی گئی ہے اور یہ مدت 22 مارچ کو ختم ہوجائے گی۔ 23 مارچ کو عام تعطیل ہے اور جیل رولز 361 کے مطابق عام تعطیل اور تعطیل کے ایک دن بعد بھی پھانسی نہیں دی جاتی۔ اس لئے پھانسی کی متوقع تاریخ 25 مارچ ہوسکتی ہے۔ سینٹرل جیل مچھ کے سپرنٹنڈنٹ اسحاق زہری نے صولت مرزا کے نئے ڈیٹھ ورانٹ کے حصول کیلئے متعلقہ عدالت کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔ یاد رہے کہ صولت مرزا کو 1997ء میں کے ای ایس سی کے ایم ڈی شاہد حامد کو ڈرائیور اور محافظ سمیت قتل کرنے کے جرم میں1999ء میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔