کوئٹہ : سینٹرل جیل مچھ میں قید صولت مرزا نے پھانسی مؤخر ہونے سے قبل اہلخانہ کے نام خط لکھا تھا جس کی تفصیلات روزنامہ آزادی نے حاصل کرلی ہے۔ ذرائع کا کہناہے کہ خط صولت مرزا سے آخری ملاقات کے بعد اہلخانہ کو حوالے کیا گیا تھا۔ صولت مرزا نے وصیت لکھنے سے انکار کیا تھا تاہم خط میں انہوں نے اپنے اہلخانہ کو نصحتیں کی ہیں۔ خط میں صولت مرزا کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا جب بڑا ہوگا تو میں دنیا میں نہیں ہوگا، میرے بیٹے کو سیاست سے دور رکھا جائے۔ انہوں نے اپنے بھائی وجاہت حسین کو مخاطب کرتے ہوئے خط میں لکھا ہے کہ سیاست ایک دھوکا ہے جس نے مجھے آج اس مقام پر پہنچادیا ہے ، چھوٹے ورکرز کو استعمال کرکے ٹشو پیپرز کی طرح پھینک دیا جاتا ہے ، انہوں نے اپنے بھائی کو ہدایت کہ کہ مایوس ہوکر کسی اور جماعت میں شامل نہیں ہونا، سیاست ہمارے بس کی بات نہیں۔صولت مرزا نے نے ہمت اور حوصلے کے ساتھ سترہ سال تک قانونی جدوجہد کرنے پر اپنی اہلیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ خط میں صولت مرزا نے اپنی بہنوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔