کوئٹہ: بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ صولت مرزا کی ویڈیو سے متعلق تحقیقات کرائی جارہی ہے۔ مجرم کا بیان کہاں اور کیسے ریکارڈ ہوا تحقیقات کے بعد ہی اس کا تعین ممکن ہوسکے گا۔صولت مرزا بے ہوش ہوگئے تھے اس لئے ان کی سزا پر عملدرآمد رکوایا گیا۔ کوئٹہ میں نادرا آفس کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ اس بات کا تعین کیسے کیا جائے گا کہ صولت مرزا کی ویڈیو ڈیٹھ سیل سے ہی جاری ہوئی ہے۔ میں نہیں سمجھتا کہ یہ ڈیٹھ سیل سے جاری ہوئی ہے تاہم اس بات کا تعین کرنا ضروری ہے۔اس حوالے سے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ تحقیقات کیبعد ہی یہ معلوم ہوسکے گا کہ آیا یہ ویڈیو ڈیتھ سیل سے جاری ہوئی ہے یا کہیں اور سے۔ صولت مرزا کی پھانسی مؤخر ہونے سے متعلق سوال پرصوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ صولت مرزا کی حالت غیر ہوگئی تھی۔ ڈیٹھ سیل میں ایسا ہونا فطری بات ہے۔ ہم نے صولت مرزا کی حالت سے متعلق وفاق کو آگاہ کیا۔ پھانسی روکنے سے متعلق فیصلہ ایوان صدر سے ہی ہوا۔ صولت مرزا کو عدالت میں پیش کرنے سے متعلق سوال پر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ صولت مرزا بلوچستان کے کسی عدالت کا مجرم نہیں ہے۔ انہیں عدالت میں پیش کرنے سے متعلق وفاقی یا سندھ حکومت نے اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بیالیس ہزار شناختی کارڈ مختلف وجوہات کی بناء4 پر بلاک کئے گئے ہیں۔۔۔ بلاک شناختی کارڈ سے متعلق شکایات دور کرنے کیلئے تمام اضلاع میں اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں خفیہ اداروں پر مشتمل نئی کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔۔۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک پریشر گروپ نادرا پر بلا وجہ دباؤ ڈال رہا ہے۔ پریشر گروپ سڑکوں پر قومی ادارے پر تنقید کی بجائے اپنے تحفظات درست طریقے سے پیش کریں تو ان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نادرا کا عملہ بلوچستان میں تندہی اور جانفشانی سے کام کررہا ہے۔ دور دراز علاقوں میں نادرا کی موبائل ٹیموں کو سیکورٹی سمیت نادرا کے تمام آپریشنز میں بلوچستان حکومت ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔ اس موقع پر ڈی جی نادرا بلوچستان میرعجم خان درانی اور نادرا کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس سے قبل صوبائی وزیر داخلہ نے ڈبل روڈ پر واقع نادرا کے صوبائی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ ڈی جی نادرا بلوچستان نے صوبائی وزیر داخلہ کو نادرا کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔