کوئٹہ: صولت مرزا کی کراچی میں رہائشگاہ پر پولیس تعینات کردی گئی جبکہ کوئٹہ میں موجود رشتہ داروں کو بھی سیکورٹی فراہم کردی گئی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل مچھ میں قید سزائے موت کے قیدی صولت علی خان عرف صولت مرزا سے جمعرات کو بھی رشتہ داروں نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے بعد صولت مرزا کے قریبی رشتہ داروں کو ایف سی کی دو گاڑیوں میں مچھ سے کوئٹہ منتقل کیا گیا جبکہ سیکورٹی حکام کی جانب سے کوئٹہ میں موجود صولت مرزا کی اہلیہ اور دیگر رشتہ داروں کو بھی نقل و حرکت محدود اور خفیہ رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ صولت مرزا کی اہلیہ جو پہلے میڈیا کے نمائندوں سے مسلسل رابطے میں تھیں ۔ اپنے شوہر کی پھانسی مؤخر ہونے کے بعد روپوشی اختیار کرلی ہے اور ان کا موبائل نمبر بھی بند ہے۔ ذرائع کے مطابق صولت مرزا کی اہلیہ اور کوئٹہ میں موجود تمام رشتہ داروں کو محفوظ مقام پر رہائش دلائی گئی ہے۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے گلشن معمار میں صولت مرزا کی رہائشگاہ پر بھی پولیس تعینات کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق صولت مرزا کے اہلخانہ کی درخواست پر سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔ پولیس کے پانچ اہلکاروں پر مشتمل عملہ موبائل گاڑی کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے ۔