|

وقتِ اشاعت :   March 22 – 2015

کوئٹہ اور تربت میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں پولیس حوالدار سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوگئے۔ پنجگور سے چار روز پہلے اغواء ہونے والے شخص کی لاش برآمد کرلی گئی۔ پولیس کے مطابق پہلا واقعہ ہفتہ کی دوپہر کوئٹہ کے پولیس تھانہ سریاب کی حدود میں چکی شاہوانی کے قریب کلی اسماعیل آباد میں پیش آیا جہاں انسداد دہشت گردی فورس( اے ٹی ایف) کے ہیڈ کانسٹیبل نصیب اللہ ولد دولت خان سرپرہ کو نامعلوم افراد نے گولیاں کا نشانہ بنایا۔ سر میں گولی لگنے سے نصیب اللہ کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی ۔ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مقتول نصیب اللہ موٹر سائیکل پر ڈسٹرکٹ جیل ڈیوٹی کرنے جارہا تھا۔ لاش سول اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ دوسرے واقعہ میںں کوئٹہ کے علاقے ملتانی محلہ میں دو گروہوں میں زمین کے تنازعے پر تصادم میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق تصادم کے دوران فائرنگ سے ایک گروہ کے دو افراد محمد خان ولد محمد کریم بادیزئی سکنہ چشمہ اچوزئی اور ان کے محافظ شمس اللہ ولد داد محمد اچکزئی زخمی ہوگئے۔زخمی محمد خان کو پیٹ میں جبکہ ان کے محافظ کو بائیں ٹانگ میں ایک گولی لگی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا ہے اور واقعہ کا مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔ ادھر ضلع کیچ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیچ عمران قریشی کے مطابق کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت کے علاقے پرانا گوادر اسٹاپ کے قریب ایک دکان پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ سے تعلق رکھنے والا صدیق ولد شب قدر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں عدنان ولد عنایت اللہ سکنہ ایم ایم ڈی کالونی تربت اور عبدالغفار ولد قادر بخش سکنہ ملکی باغ تربت شامل ہیں۔ ڈی پی او کے مطابق ملزمان نے نائن ایم ایم پستول سے چھ فائر کئے اور موقع سے چھ میں سے پانچ خول ملے ہیں۔ زخمیوں میں عبدالغفار کو دونوں ٹانگوں میں ایک ایک جبکہ عدنان کو ٹانگ میں ایک گولی لگی ہے اور انہیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے واقعہ کی ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے۔ دوسری جانب پنجگور سے چار روز قبل اغواء ہونے والے شخص کی لاش برآمد کرلی گئی۔ لیویز ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے گچک سے ایک شخص امان اللہ کی لاش ملی ہے جسے انیس مارچ کو نامعلوم افراد نے ناگ سے اغواء کیا تھا۔ مغوی کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔