|

وقتِ اشاعت :   March 30 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے حب اور پنجگور میں ایف سی نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق کے الزام میں آٹھ افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹےئرکوربلوچستان نے خفیہ اطلاع پر حب کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ کے چارانتہائی مطلوب ارکان کوگرفتارکرلیا گیا۔گرفتارملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمدکیا گیاہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ایک دوسری کارروائی میں فرنٹےئرکوربلوچستان نے خفیہ اطلاع پرپنجگور کے علاقے میں کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ارکان کے خلاف سرچ آپریشن کیا جس کے دوران تین ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک دستی بم، ایک سیٹلائٹ فون، ایک انٹرنیٹ یو ایس بی اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔ ایف سی ترجمان کا دعویٰ ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والے کالعدم تنظیم بلوچستان لبرشن فرنٹ کے ارکان بیرونی ایجنڈے پرعمل پیر ا بیرون ملک مقیم لیڈروں کے احکامات پرعرصہ درازسے مذکورہ علاقوں اورگردونواح میں ترقیاتی کاموں کی ٹیموں اور سیکورٹی فورسزپرحملوں،بھتہ خوری اوراغواء برائے تاوان جیسی سنگین وارداتوں میں بھی حکومت کو مطلوب تھے۔ دریں اثناء حب میں ایف سی نے ایک اور کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کرکے 3خود کار ہتھیار اور پستول برآمد کرلیا۔