کوئٹہ :سینٹرل جیل مچھ میں قید سزائے موت کے قیدی صولت مرزا سے تفتیش کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے متعلق نوٹیفکیشن جیل حکام کو موصول ہوگیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق صولت مرزا کی جانب سے پھانسی سے چند گھنٹے قبل سنسنی خیز انکشافات کے بعد شاہد حامد کیس کی تفتیش از سرنو کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ سندھ حکومت نے اس سلسلے میں صولت مرزا سے تفتیش کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی ۔ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن محکمہ داخلہ بلوچستان اور سینٹرل جیل مچھ کو بھی موصول ہوگیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صولت مرزا سے تفتیش کیلئے نئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سات ارکان پر مشتمل ہو گی جس کے سربراہ گریڈ 20 کے آفیسر ہوں گے۔ دیگر 6 ممبران گریڈ 18 کے آفیسرز ہوں گے۔ ممبران میں سندھ رینجرز ،آئی بی ، ایف آئی اے ، ایم آئی ، آئی ایس آئی اور سی آئی ڈی کا ایک ایک رکن شامل ہو گا نئی جے آئی ٹی جلد مچھ جیل کا دورہ کرے گی تاہم تحقیقاتی ٹیم کے دورے کی تاریخ کا تعین اب تک نہیں کیا گیا ہے ۔محکمہ داخلہ بلو چستان نے جیل حکام کو تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کر نے کی ہدایت کی ہے۔