|

وقتِ اشاعت :   April 7 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ساحلی علاقے پسنی کے قریب سمندری حدود میں نامعلوم افراد نے کشتی پر فائرنگ کردی جس سے پانچ ماہی گیر زخمی ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق واقعہ پیر کی صبح ضلع گوادر کی تحصیل پسنی سے ستر کلو میٹر دور سمندری حدود میں پیش آیا جہاں ’’القادر ی ‘‘نامی کشتی پر ماہی گیر مچھلی کے شکار میں مصروف تھے کہ نامعلوم سمت سے آنے والی ایک بوٹ میں سوار تین نامعلوم نقاب پوش افراد نے کشتی پر اندھا دھند فائرنگ کردی ۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ ماہی گیر زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے رورل ہیلتھ سینٹر پسنی منتقل کردیا گیا۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں میں حبیب ولد عبدالرحیم بنگالی ،امین ولد دادان سندھی ،نور احمد ولد محمد بنگالی ،جمعہ ولد سومار سندھی اورعباس ولد محمد بنگالی شامل ہیں جن کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے۔