|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2015

کوئٹہ : نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جج جناب آفتاب لون نے کی،عدالت میں سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیرداخلہ میر شعیب نوشیروانی کے علاوہ پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ ، اسپیشل پبلک پراسکیوٹر زاہد علی خان اوروکیل استغاثہ سہیل راجپوت پیش ہوئے۔ عدالت میں ڈائریکٹر جنرل صحت بلوچستان ڈاکٹر فاروق اعظم جان نے کیس میں نامزد مرکزی ملزم سابق صدر پرویز مشرف کے طبی معائنہ سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی ۔ پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف اوردل کی شیریان بھی متاثر ہے جس کے باعث سابق صدر سفر نہیں کرسکتے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ سے متعلق ہمیں میڈیا کے ذریعے پہلے ہی معلوم ہوگیاتھا اس رپورٹ کے مطابق مرکزی ملزم سفر نہیں کرسکتے تاہم اس موقع پر وکیل استغاثہ سہیل راجپوت نے میڈیکل رپورٹ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ کی کاپی ہمیں فراہم کی جائے،وہ اس پر بحث کرنا چاہتے ہیں۔ عدالت نے سابق صدر کی ایک دن کی استثنیٰ کی درخواست کی منظور ی دیدی ۔ سماعت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے اپنے مؤکل کی عدالت میں پیشی سے مستقل استثنیٰ کی درخواست پیش کی تو وکیل استغاثہ سہیل احمد راجپوت نے اس پر اعتراض اٹھایا ۔عدالت نے مذکورہ درخواست پر دلائل دینے وکیل استغاثہ کو اگلی سماعت تک کی مہلت دی۔وکیل استغاثہ کی جانب سے عدالت میں کیس میں گواہان پیش کرنے کیلئے آئندہ پیشی تک کی مہلت کی درخواست بھی کی گئی ۔عدالت نے سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب احمد نوشیروانی کی کیس سے مستقل بریت کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔ان درخواستوں پر گزشتہ سماعت پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ عدالت کے ریمارکس تھے کہ ابھی کیس زیرسماعت ہے، اس میں بہت سی چیزیں واضح ہونا باقی ہیں ،اس بناء پر انہیں کیس سے مستقل بریت نہیں دی جاسکتی۔جس کے بعد کیس کی سماعت 22اپریل تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز مشرف کے وکیل سید اخترشاہ نے کہا کہ پرویز مشرف کے مستقل استثنیٰ کے لئے درخواست بھی عدالت میں دائر کر دی ہے ا ن کا کہنا تھا کہ کیس چالان اور تحقیقات کے حوالے سے نامکمل ہے اگر تحقیقات مکمل نہ ہوں تو کیس متنازعہ ہو جاتا ہے استغاثہ اس کیس کو اوپن کرے ۔ جبکہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی کے وکیل سہیل راجپوت نے کہا کہ مرکزی ملزم پرویز مشرف استثنیٰ کے نام پر مسلسل عدالت سے غیر حاضر ہیں وہ بلوچستان ہی نہیں پاکستان کی عدالتوں کا بھی احترام نہیں کرتے ، وہ اگر محب وطن ہوتے تو عدالت میں ضرور پیش ہوتے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں لیکن بلوچستان آتے ہوئے ان کی صحت خراب ہو جاتی ہے ،انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کی آڑ میں پرویز مشرف کو فرار ہونے نہیں دیا جائے گا۔