کوئٹہ :ایران نے پاکستان سے ملحقہ اپنی سرحد کو سیکورٹی خدشات کی وجہ سے بند کردیا ۔ ڈپٹی کمشنر کیچ ممتاز بلوچ کے مطابق ایران نے ضلع کیچ سے ملحقہ ردیگ سرحد کو جمعرات کی صبح کو عارضی طور پر بند کردیا ہے ،ایرانی حکام نے سرحد بند کرنے کی وجہ نہیں بتائی لیکن بظاہر ایران کی جانب سے گزشتہ دنوں سرحدی علاقے میں ایک حملے میں ایرانی فورسز کے آٹھ اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی خدشات کے باعث پیش نظر ایسا کیا گیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق گوادر اور پنجگور سے ملحقہ سرحد کو بھی عارضی طور پر بند کیا گیا ہے تاہم پنجگور کی ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر نے ٹیلی فون پر پنجگور کے چیدگی سرحد کی بندش کی اطلاع کو غلط قرار دیا۔