کوئٹہ : بلوچستان کے پاک افغان سرحدی علاقے دالبندین میں ایف سی اور منشیات کے سمگلرز کے درمیان جھڑپ میں ایک سمگلر ہلاک ہو گیا ۔ایف سی ترجمان کے مطابق دالبندین کے قریب پاک افغان سرحدی علاقے میں قائم فرنٹیئر کور کی عامری چیک پوسٹ کے قریب ایف سی اہلکاروں اور منشیات کے اسمگلروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دورا ن دونوں جانب سے چھوٹے اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ ایف سی کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک منشیات اسمگلر ہلاک ہوگیا جبکہ ملزم کے باقی ساتھی افغانستان سرحد کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ ہلاک ہونے والے اسمگلر سے دو خود کار ہتھیار بھی برآمد کرلئے گئے۔ جھڑپ کے بعد علاقے کی نگرانی سخت کر دی گئی۔ ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئر کور بلو چستان نے یہ عزم کررکھا ہے کہ منشیات جیسی لعنت کوجڑسے اُکھاڑکر اسے معاشرے سے ختم کیا جائیگا۔اسی سلسلے میں فرنٹیئر کور بلو چستان نے گزشتہ چند دن پہلے بڑے پیمانے پر لورالائی کے مختلف علاقوں میں سینکڑوں ایکڑ زمین پرزیر کاشت افیون کی فصل کو تلف کیا اور آئندہ بھی ایف سی بلوچستان ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے افیون کی کاشت کوتلف کرنے کی کارروائیاں جاری رکھی گی۔ آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے ایف سی کے جوانوں کے کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرنٹےئرکورصوبے میں منشیات اسمگلرز،شرپسنداور جرائم پیشہ افرادکیخلاف کارروائی میں کوئی کسر نہیں اٹھارکھے گی اور جہاں بھی جرائم پیشہ افراد اور شرپسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملے گی ان کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔