گوادر : چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری گوادر کے عوام کے تعاون اور شرکت کے بغیر سود مند نہیں ہو سکتی، اقتصادی راہداری کے معاشی فوائد سب سے پہلے گوادر اور یہاں کے عوام کو پہنچیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں کیا۔چیف سیکریٹری نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے اس عظیم منصوبے کوگوادر کے تمام مکاتب فکر اور عوام کی بھرپور تائید اور حمایت حاصل ہے، وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی واضح ہدایات ہیں کہ گوادر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ معاشی فوائد، تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں انہوں نے کہا کہ ہزاروں ایکڑ پر محیط اور تمام سہولیات سے آراستہ رہائشی اسکیم گوادر کے لوگوں کے لیے تیار کی جائیگی، انہوں نے کہا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر گوادر اکنامک فری زون، ویسٹ بے ایکسپریس اور جدید ائیرپورٹ کا افتتاح ہو گا۔ شمبے اسماعیل کے لوگوں کو جلد انکی ملکیت کی دستاویزات فراہم کی جائیں گے، سیف اللہ چٹھہ نے کہا کہ پسنی میں باہر کے لوگوں کو الاٹ کی گئی اراضی منسوخ کی گئی ہے اور اب جلد پسنی کی اراضیات کا دوبارہ بندوبست (سیٹلمنٹ) کیا جائیگا۔