|

وقتِ اشاعت :   April 11 – 2015

کوئٹہ : بلوچستان کے علاقے مچھ میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں قائداعظم ریذیڈنسی پر حملے میں ملوث کالعدم تنظیم کے مطلوب ملزم کو دو ساتھیوں سمیت ہلاک کردیاگیا۔نصیرآباد، پنجگور ،ژوب اور ڈیرہ بگٹی میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے ایک رکن اور اسلحہ سمیت سمیت سات افراد کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ گولہ و بارود برآمد کرلیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ضلع بولان کی تحصیل مچھ میں ایف سی نے اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین ملزمان مارے گئے ۔ جن کے قبضے سے تین کلاشنکوف اورایک دستی بم بھی برآمد کیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان میں سے ایک کی شناخت محمود عرف ماماکے نام سے ہوئی ہے جو زیارت میں قائد اعظم ریذیڈنسی پر حملے میں ملوث تھا۔ ایف سی ذرائع کے مطابق دیگر دو ملزمان کی شناخت آدم خان ولد تنگیہ اور ظہور ولد باجو خان کے ناموں سے ہوئی ہیں ۔ لاشیں ضروری کارروائی کے بعد کوئٹہ منتقل کردی گئیں۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک دستی بم، تین کلاشنکوف بمعہ نو عدد میگزین اور ایک سو تین گولیاں ، دو میٹرولا سیٹس، ایک وائرلس لوپ، پانچ عدد موبائل، چھیانوے ہزار روپے نقدی ، ایک نوٹ بوک برآمد کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ محمود عرف ماما کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کا اہم کمانڈر تھا ا ور سندھ بلوچستان قومی شاہراہ پر مسافروں کو بسوں سے اتار کر مارنے ، ٹرینوں پر راکٹ حملے اور ہند و تاجروں کے اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی مطلوب تھا۔ آئی جی ایف سی بلوچستان میجرجنرل شیرافگن نے ایف سی کی کامیاب کا رروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جاری امن وامان کی صورتحال کوہرصورت برقرا ررکھائے جائے گااورشرپسندوں کی بیخ کنی تک ان کا تعاقب جاری رکھا جائے گا۔ دریں اثناء فرنٹیئرکوربلوچستان نے خفیہ اطلاع پر ژوب کے علاقے میر علی خیل میں چھاپہ مارا،چھاپے کے دوران ہتھیار اور ایمونیشن کی بڑی کھیپ برآمد کرلی گئی ۔برآمد کئے گئے ایمونیشن میں 06عددخود کار ہتھیاربمعہ459راؤنڈز،03عدد پستول،موٹرسائیکل اور03عدددوربین شامل ہیں۔ ایک اور کارروائی میں ضلع نصیرآباد کی تحصیل ڈیرہ مراد جمالی میں خفیہ اطلاع پر ایف سی نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران بڑی تعداد اسلحہ برآمد کیا گیا۔ برآمد ہونے والا اسلحہ ایف سی کیمپ ڈیرہ مراد جمالی میں پولیس آفیسران اور میڈیا کے نمائندوں کے سامنے نمائش کیا گیا ۔ اس موقع پر سبی اسکاؤٹ کے کمانڈیٹ کرنل احسن رضا زیدی ،قائمقام ڈی آئی جی پولیس نصیرآباد سید اشفاق حیدر ،ڈی پی او نصیرآباد میر محمد سلیم لہڑی سمیت دیگر حکام موجود تھے۔ ایف سی حکام کے مطابق گذشتہ شب خفیہ اطلاع پر ایف سی نے بھاری نفری کے ہمراہ ڈیرہ مرادجمالی کے علاقے بالان شاخ کے ایک دیہات میں سرچ آپریشن کیااور سرچ آپریشن کے دوران صوبے بھر میں اسلحہ سپلائی کرنے والے سمگلرمحمد اشرف مینگل سمیت درجنوں افرادکو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیاجس میں16عدد کلاشنکوف، ہزروں راؤنڈز، 7MM کے 2 رائفل،درجنوں بندوقیں ،230راؤنڈز،ایک عدد اینٹی ائیر کرافٹ، ایک راکٹ لانچر اور اس کے سات گولے،ایک عدد سنائیپر،پسٹل دو عدد،چائینہ گن دو عدد،سات عدد رپیٹر،اور اس کے کارتوس،جی تھری چار عدد اس کے سیکڑوں راؤنڈپولیس سے چھینی گئی2واکی ٹاکی،2 عدد نائیٹ وژن گوگل، دوربین،تھری ناٹ تھری، رائفل،5 عدد غیر قانونی گاڑیاں اور کئی غیرممنوعہ اسلحہ اوردھماکہ خیز مواد شامل ہیں۔گرفتار ہو نے والے افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔ایف سی حکام نے بتایا کہ گرفتارافراد میں ایک کا تعلق کوئٹہ امام بارگارہ خود کش بم دھماکہ میں ملوث ہے اورکہاکہ چھاپے کے دوران اسلحہ فیکٹری کے آلات بھی برآمد ہوئے ہیں ۔ برآمدہونے والے اسلحہ میں امریکی،ایرانی سمیت دیگر ممالک کا اسلحہ شامل ہے ۔دریں اثناء پنجگور میں بھی ایف سی نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران کالعدم تنظیم کے ایک دہشتگرد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ممنوعہ لٹریچر برآمد کیا گیا۔ادھر ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے نواحی علاقے میں بھی ایف سی سرچ آپریشن کیا جس کے دوران ایک راکٹ لانچر، چار راکٹ کے گولے ،دھماکا خیز مواد، فیوز اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ ایف سی ترجمان کے مطابق آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے فرنٹیئر کور بلوچستان کی کامیاب کا رروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا بیرون ملک مقیم شرپسند اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے بے گناہ اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ صوبے میں بدامنی پھیلا کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرسکیں لیکن فرنٹےئرکور بلوچستان عوام کے تعاون سے شدت پسندوں اور دہشت گردوں کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دے گی۔مزید برآں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ بلوچستان کو پر امن اور مثالی صوبہ بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگااورانشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب صوبے بھرسے دہشتگردوں اورتخریب کاروں کا قلع قمع کیاجائے گا۔