|

وقتِ اشاعت :   April 15 – 2015

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع ژوب میں چار ماہ قبل اغواۂونے والے نجی بینک کے منیجرکو فورسز نے بازیاب کرا لیا۔ جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور ژوب کے قریب اغواء ہونے والے چار افراد کو بھی اغواء کاروں نے چند گھنٹے بعد چھوڑ دیا۔ ڈپٹی کمشنر ژوب کے مطابق مغوی سلیم احمد ولد عبدالمالک کاکڑ کجا تعلق پشین سے بتایا جاتا ہے جسے نامعلوم افراد نے چار جنوری کو ژوب کے علاقے گنگہ سے مسافر بس اور مسافر کار سے دیگر دس افرا دکے ہمراہ اغواء کیا گیا تھا ۔واقعہ میں اغواء ہونے والے دیگر افراد کو پہلے ہی چھوڑ دیا گیا تھا تاہم سلیم احمد چار ماہ کی بازیابی چار ماہ کے طویل عرصے کے بعد ژوب سے ایک سو بیس کلو میٹر دور پاک افغان سرحدی علاقے سمبازہ کے قریب حسین نیکہ کے مقام سے عمل میں آئی۔ ایف سی اہلکاروں نے بازیابی کے بعد سلیم احمد کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیم احمد کو تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کیا گیا۔ واضح رہے کہ اغواء کی اس واردات کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔ دریں اثناء گزشتہ شب ژوب سے ڈیرہ اسماعیل خان جانے والی مسافر ٹوڈی گاڑی کو خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے ژوب سے ملحقہ درازندہ پل کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے روک لیا اور ڈرائیور اور چار مسافروں رحمت اللہ ،ثناء اللہ ، اسلم اور داؤد کو اغواء کرلیا۔ اغواء کاروں نے پوچھ گچھ کے بعد رات گئے مغویوں کو رہا کردیاْ سیکورٹی ذرائع کے مطابق اغواء کاروں نے مسافروں کو سیکورٹی اہلکار سمجھ کر اغواء کیا تھاتاہم انہیں کوئی شواہد نہیں ملے جس پر اغواکاروں نے انہیں چھوڑ دیا۔