|

وقتِ اشاعت :   April 18 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے پاک افغان سرحدی شہر چمن میں سیکورٹی فورسز نے بارود سے بھری گاڑی اور تین خودکش جیکٹس برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتا رکرلیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع اطلاع ملنے پر چمن کے پاک افغان سرحدی علاقے روغانی کے قریب ایک کچے راستے پر ناکہ بندی کر رکھی تھی ۔ اس دوران بارودی سے بھری ایک گاڑی پکڑی گئی اور اس میں سوار دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گاڑی سے تین خودکش جیکٹس بھی برآمد کئے گئے ۔ ترجمان کے مطابق گاڑی میں 1200کلوگرام دھماکہ خیزمواد موجود تھا ۔ گرفتار دہشتگردمذکورہ خود کش جیکٹس اور دھماکہ خیزموادچمن اورکوئٹہ کے نواحی علاقوں میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی میں استعمال کرنا چاہتے تھے جسے فرنٹیئرکورنے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادیا۔گرفتار دہشتگردوں سے تفتیش جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق گاڑی سے گھی کے بیس لیٹر والے ساٹھ عدد کین برآمد کئے گئے جس میں بارود بھر کر دیسی ساختہ بم بنائے گئے تھے ۔ جبکہ خودکش جیکٹس کا وزن پندرہ پندرہ کلو گرام تھا۔ خودکش جیکٹس اور دھماکا خیز مواد ناکارہ بنانے کیلئے کوئٹہ سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کو چمن بلایا گیا ۔ ٹیم نے دھماکا خیز مواد اور جیکٹس کو ناکارہ بناکر ایف سی کے حوالے کردیا۔ترجمان ایف سی کے جاری کئے گئے بیان کے مطابق اس سے قبل بھی حساس اداروں کی نشاندہی پر فرنٹےئر کور بلوچستان نے صوبے کے مختلف علاقوں میں کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے بڑی مقدار میں دھماکوں میں استعمال ہونے والاموادبرآمد کیا،جن میں سینکڑوں من بارود ،ریموٹ کنٹرول بم میں استعمال ہونے والے ریموٹ ڈیٹونیٹرز ،پرائما کارڈزاور مختلف اقسام کے سوئچز بھی شامل تھے جوکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تخریبی کارروائیوں میں استعمال کرنے کیلئے ہمسایہ ملک سے پاکستان میں منتقل کیاگیاتھا۔ترجمان کا دعویٰ ہے کہ ایسی مصدقہ اطلاعات ہیں کہ بلوچستان میں شرپسندوں کو غیرملکی ایجنسیوں کی حمایت حاصل ہے جوکہ درپردہ نادیدہ قوتوں کے ساتھ مل کر پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں شورش پیدا کرکے بلوچستان اورپاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے شر پسندوں کو اسلحہ و گولہ بارود ،تربیت اور مالی و سائل بھی فراہم کررہے ہیں۔آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے ایف سی کی بروقت اورکامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک خصوصاً صوبہ بلوچستان ایک نازک دور سے گزر رہاہے اور ہمارے ملک دشمنوں کی کوشش ہے کہ یہاں امن اور سکون نہ ہوہمیں مل کراتفاق اور اتحاد سے اس سازش کو ناکام بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ امن ومان کی بحالی کیلئے دہشتگردوں اورجرائم پیشہ افرادکیخلاف صوبے میں ٹارگٹڈسرچ آپریشن جاری رہے گا۔