کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع لورالائی میں ایف سی نے کارروائی کے دوران مسافر بسوں پر حملوں میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایک ملزم برقعے میں فرار کی کوشش کے دوران پکڑا گیا ۔ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان نے خفیہ اطلاع ملنے پر لورالائی ڈیرہ غازی خان روڈ پر راڑہ شم کے قریب ایک گھر پر چھاپہ مارا جس کے دوران تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں شیر جان ولد خیر الدین بزدار ، غلام محمد ولد شیر محمد بزدار اور باز محمد ولد غلام محمد بزدار شامل ہیں جن کا تعلق راڑہ شم سے بتایا جاتا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف بمعہ بیس راؤنڈز ، ایک میگزین، دو بندوقیں، چاردوربین اور ایک عدد ہنڈا موٹر سائیکل برآمدکی گئی ۔ ترجمان ایف سی کے مطابق ملزمان کوئٹہ ڈیرہ غازی خان روڈ پر چوری و ڈکیتی اور پبلک ٹرانسپورٹ پر حملوں میں ملوث تھے۔ گرفتار ملزمان پولیس تھانہ راڑہ شم کو مقدمہ نمبر6/14زیر دفعہ 353,324,429,186,34اور مقدمہ نمبر7/14زیر دفعہ13/3میں بھی مطلوب تھے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک خاتون کے لباس میں فرار ہونے کی کوشش کے دوران پکڑا گیا۔ ایف سی ترجمان کے جاری کئے گئے بیان کے مطابق آئی جی ایف سی میجرجنرل شیر افگن نے فرنٹیئر کور بلوچستان کی کامیاب کا رروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا شدت پسند اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ میں بے گناہ اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ صوبے میں بدامنی پھیلا کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرسکیں لیکن فرنٹےئرکور بلوچستان عوام کے تعاون سے بھتہ خوروں اور دہشت گردوں کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے ایف سی اہلکاروں پرزور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن وامان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور مقامی انتظامیہ ،پولیس اور لیویز کے ساتھ موئثررابطہ رکھیں تاکہ شرپسندوں اور جرائم پیشہ افرادکے ساتھ موئثر طریقے سے نمٹاجاسکے۔