|

وقتِ اشاعت :   April 19 – 2015

کوئٹہ: کوئٹہ کی مقامی عدالت نے بلوچستان کانسٹیبلری کے مال خانہ سے اسلحہ چوری کے کیس میں پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر صادق عمرانی اور سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک سمیت پانچ ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق دسمبر2014ء کے آخری ہفتے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے مال خانے میں آتشزدگی کے بعد انکشاف ہوا تھا کہ مال خانے سے کروڑوں روپے کا اسلحہ چوری ہوا ہے۔تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے بعض اہلکاروں اور افسران نے اسلحہ چوری کرکے نجی اسلحہ ڈیلرز پر فروخت کردیا تھا ۔ جس پر بلوچستان کانسٹیبلری کے ان اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی تھیں۔ گرفتاری کے دوران متعدد اسلحہ ڈیلرز کو بھی گرفتار کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات میں انکشاف کیا گیا کہ چوری کے اسلحہ کی خریداری میں کئی سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماء اور سابق صوبائی وزراء بھی ملوث ہیں ۔ گزشتہ روز گرفتار کئے گئے ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے پانچ ملزمان کے نام عدالت میں پیش کئے ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر جان بلوچ نے پانچوں ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور حکم دیا کہ ملزمان کو اگلی پیشی پر گرفتار عدالت میں پیش کیا جائے۔ جن ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں ان میں پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر سابق صوبائی وزیر صادق عمرانی ، پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک، صلاح الدین اچکزئی، محسن وردگ اور گلزار خلجی شامل ہیں۔