|

وقتِ اشاعت :   April 25 – 2015

گوادر: گوادر پورٹ کے فرش پر ہزاروں ٹن یوریا کھاد کھلے آسمان تلے پڑے ہوئے ہیں، کھاد خراب ہونے کا خدشہ، ٹرک مالکان نے سیکورٹی خدشات پر کوسٹل ہائی وے پر سفر کرنے سے انکار کردیا، ٹرک مالکان اور ڈپٹی کمشنر گوادر کے درمیان مذاکرات ناکام ، باخبر ذرائع کے مطابق گوادر پورٹ کے فرش پر رکھے گئے ہزاروں ٹن یوریا کھاد خراب ہونے کاخدشہ ہے، ٹرک مالکان نے کوسٹل ہائی پر سفر کرنے سے انکار کر دیاہے ، انہوں نے کہا کہ کوسٹل ہائی وے پر ہم اپنی قیمتی جانیں ضائع کر چکے ہیں اور ہمارے قیمتی ٹرکوں کو آئے روز جلایاجاتا ہے، حکومت اور سیکورٹی فورسز ٹرکوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ کوسٹل ہائی وے پر اب تک کئی ٹرکوں کو نذر آتش اور ان پر فائرنگ کی گئی ہے جس کی وجہ سے ٹرک ڈرائیور اور کنڈیکٹر اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، اس مسئلے پر ٹرک مالکان اور ڈپٹی کمشنر گوادر کے درمیان گزشتہ روز مذاکرات ہوئے لیکن ٹرک مالکان کے خدشات کو دور کرنے میں ڈپٹی کمشنر گوادر ناکام رہا، ٹرک مالکان نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے ڈرائیوروں اور ٹرکوں کو نیٹو کو سامان سپلائی کرنے والے ٹرک ڈرائیوروں اور ٹرکوں کی طرح انشورنس کرے، مذاکرات کی ناکامی کی وجہ سے گوادر پورٹ پر حال ہی میں لنگر انداز ہونے والے دو بحری جہازوں پر 47ہزار اور 33ہزار ٹن کھادوں سے بھرے جہازوں کومقامی ٹرانسپورٹروں کے ذریعے خالی کرا کے یوریا کھادوں کو گوادر پورٹ کے فرش پر کھلے آسمان پر رکھ دیا، واضح رہے کہ گوادر پورٹ سے پاکستان کے دیگر شہروں کو کھاد کی سپلائی کی جارہی ہے جو کہ دیگر پورٹوں کی نسبت سستا پڑھتا ہے