|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ ، خاران اور لسبیلہ میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی جبکہ دو افراد کی تشددزدہ لاشیں بھی برآمد کرلی گئیں۔ لیویز کے مطابق منگل کی صبح کیچ (تربت) کی تحصیل مند میں ہوزئی کے مقام پر لیویز کو ایک شخص کی لا ش ملی جسے سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ۔ بعد ازاں مقتول کی شناخت مند کے رہائشی عبدالرازق ولد نور محمد بلوچ کے نام سے ہوئی جو نشے کا عادی تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ عبدالرازق ایف سی اہلکاروں کیلئے راشن وغیرہ لاتا تھا تاہم قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ کیچ ہی کے علاقے تمپ کے قریب بالیچہ بازار میں منگل کی شام کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نوشاد ولد عطاء اللہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد نامعلوم افراد فرار ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ نوشاد کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا تاہم قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ دریں اثناء پیر اور منگل کی درمیانی شب کیچ کے علاقے تربت میں خیر آباد کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ماجد حسین ولد عبداللہ بلوچ کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ علاوہ ازیں خاران سے بھی ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق خاران سے تقریباً پندرہ کلو میٹر دور کلی غریب آباد پر سڑک کنارے سے ایک شخص کی لاش ملی جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا ۔ لاش سول اسپتال خاران لائی گئی جہاں اس کی شناخت شیخ محلہ خاران کے رہائشی حفیظ احمد ولد غلام سرور نورزئی کے نام سے ہوئی ۔ مقتول حفیظ احمد پندرہ اپریل کوموٹر سائیکل سواروں کے ہاتھوں خاران سے اغواء ہوا تھا۔ جبکہ ضلع لسبیلہ کے علاقے حب میں ساکران روڈ پر یشوبٹ کے مقام پر گھر کے قریب آستانے میں بیٹھے عامل ملا لواری ولد بہرام قمبرانی کو دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیااور فرار ہوگیا۔ لاش جام غلام قادر اسپتال پہنچائی گئی ۔ واقعہ کے بعد حب کی ہائیٹ پولیس نے چھاپہ مار کر واقعہ میں ملوث بدر الدین ولد قاری کلیم اللہ کھیازئی کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھی پولیس چھاپے مار رہی ہے۔