|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2015

کوئٹہ: ایران کی جانب سے پاکستانی سرحد کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ ہمسایہ ملک کی سرحدی فورس نے ایک بار پھر پاکستانی حدود میں تین مارٹر گولے داغے ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق نئی خلاف ورزی ہفتہ کی شام کو گئی ۔ بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل مند میں پاک ایران سرحد سے ملحقہ ایرانی بارڈر فورس کی چیک پوسٹ نمبر229سے پاکستانی حدود کی جانب سے یکے بعد دیگرے تین مارٹر گولے داغے گئے جو پاکستانی حدود میں فرنٹیئر کور مکران اسکاؤٹس کی52ونگ کی چیک پوسٹ نمبر25سے کچھ فاصلے پر کھلے میدان میں گرے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مارٹر گولے داغے جانے کے بعد پاک ایرا ن سرحد پر تعینات ایف سی کے دستوں کو الرٹ کردیا گیا ۔ یاد رہے کہ ایران کی جانب سے اس سے قبل بھی کئی بار پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔ گزشتہ سال ایرانی فورسز کی جانب سے داغے گئے مارٹر گولے لگنے سے ایف سی کا ایک جوان جاں بحق ہوگیا تھا۔