|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2015

کو ئٹہ: کوئٹہ میں رشتے کے تنازعے پر نوجوان نے دو خواتین پر تیزاب پھینک دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔پولیس کے مطابق واقعہ کوئٹہ کے علاقے تھانہ سٹی کی حدود میں کاسی روڈ پر واقعہ سبزی منڈی کے قریب پیش آیا جہاں موٹرسائیکل سوار ایک ملزم نے دو خواتین پر تیزاب پھنک دیا اور فرار ہو گیا ۔ علاقہ مکینوں نے دونوں خواتین کو سول اسپتال اور بعد ازاں بولان میڈیکل اسپتال کے برن وارڈ پہنچایا۔ بولان میڈیکل اسپتال کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عبدالحق شیرانی نے بتایا کہ اسپتال کے شعبہ حادثات میں دو خواتین کو زخمی حالت میں لایا گیا جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد برن آئی سی یو منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں سولہ سالہ حنا ولد سمیل مسیح کے جسم کا دس سے پندرہ فیصد حصہ جلا ہے جبکہ اس کی بھابھی اٹھائیس سالہ رمشا زوجہ لکی مسیح کے جسم کا پچیس فیصد سے تیس فیصدحصہ متاثر ہوا ہے۔رمشاء کی بہن سحرش نے الزام عائد کیا ہے کہ تیزاب پھینکنے والا ان کے کزن کا دوست وجے راجیش ہے جو عیسیٰ نگری بروری کا رہائشی ہے ۔وجے نے معمولی تنازعے پر پہلے بھی حملہ کرنے کی کوشش کی ہے پولیس نے متاثرہ خاندان کے افراد کے بیانات لیکر تفتیش شروع کر دی ہے ۔ سی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق ملزم وجے کو نواں کلی سے گرفتار کرلیا ہے۔ ابتدائی طور پر واقعہ رشتے کا تنازعہ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس ملزم سے تفتیش کررہی ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں خواتین کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔