کوئٹہ: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور جے یو آئی ف کے رہنماء مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے کے روٹ میں مشکوک چیز برآمد ہوئی جس پر راستہ تبدیل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مولانا عبدالغفور حیدری سریاب میں اپنا جلسہ ختم کرکے واپس شہر کی طرف آرہے تھے راستے میں سریاب کسٹم کے قریب بلال مسجد کے سامنے ایک مشکوک ڈرم کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے مولانا غفور حیدری کا راستہ تبدیل کردیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر چیک کیا تو ڈرم کے اوپر رومال میں لپٹی کتابیں ملیں جبکہ ڈرم کے اندر کوئی چیز موجود نہیں تھی۔ رابطہ کرنے پر مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی تصدیق کہ مشکوک چیز کی اطلاع پر پولیس نے انہیں کوئٹہ جانے کیلئے متبادل راستے اختیار کرنے کا کہا۔