|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2015

کو ئٹہ : بلوچستان کی سینٹرل جیل مچھ میں سزائے موت کے منتظر مزید دو قیدیوں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردیئے گئے۔قیدیوں کو چھبیس اور ستائیس مئی کی صبح پھانسی دی جائے گی۔بلوچستان کی سینٹرل جیل مچھ میں پھانسی کے منتظر قیدی محمد ابراہیم اور خان محمد کی رحم کی اپیلیں صدر مملکت نے مسترد کردیں جس کے بعد محکمہ داخلہ بلوچستان نے دونوں قیدیوں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردیئے۔ مچھ جیل کے سپرنٹنڈنٹ محمد اسحاق زہری نے ڈیٹھ وارنٹ موصول ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ قیدی محمد ابراہیم کو 26مئی جبکہ خان محمد کو 27مئی کی صبح ساڑھے چار بجے تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔دونوں قیدیوں کو ڈیتھ سیل منتقل کردیا گیا۔ محمد ابراہیم کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر کوئٹہ کی انسداد کی دہشتگردی عدالت نے2005 میں جبکہ خان محمد کو بھی قتل کے جرم میں 2005میں سیشن جج تربت نے سزائے موت سنائی تھی۔ سینٹرل جیل مچھ میں سزائے موت کے منتظر تین قیدیوں کے پہلے ہی بلیک وارنٹ جاری ہوچکے ہیں۔ اختر محمد کو انیس مئی ، محمد موسیٰ اور علی گل کو بیس مئی کو پھانسی دی جائے گی۔ پھانسی پر عملدرآمد پر عائد پابندی ہٹنے کے بعد بلوچستان میں اب تک صولت مرزا سمیت تین قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکایا گیا ہے۔