|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2015

گوادر: حکمران جماعت کے لیڈران گوادر کے عوام کو پریشان کرنا بند کردیں، وزیراعلیٰ بلوچستان کی گوادر دشمن پالیسی نا منظور ہے، گوادر کے ترقی کے دعویدار وزیراعلیٰ نے پاکستان کے کرپٹ و نالائق ترین افسران کو گوادر میں تعینات کیا ہے، جن کی موجودگی میں گوادر کی ترقی صرف خواب ہی رہے گی، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنرگوادر کے آفس کے سامنے قائم تین روزہ احتجاجی کیمپ میں نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن بلوچ پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف فریادی، بی این پی کے سرفرازتگاپی ، جمعیت علماء اسلام ن کے شیر جان صالح، پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کے محمد بزنجو پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے ارمان اکبر، گوادر نوجوان اتحاد کے شکیل کے ڈی اور پاکستان فشر فوک کے مصطفی رمضان نے کیا، انہوں نے کہا کہ گوادر کے ہر محکمے میں کرپشن لوٹ ماری اور بھتہ خوری کا بازارگرم ہے، تمام ادارے ومحکمے بے لگام ہو گئے ہیں، گوادر میں مسائل روزبروز بڑھ رہے ہیں، سرکاری پارٹی بے لگام کیسکو ہسپتال ومحکمہ تعلیم کی زبوں حالی ، نااہل ڈپٹی کمشنراور کرپٹ آفیسران کیخلاف اپنے مفادات اور کمیشن خوری کیلئے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ واپڈا ذمہ داروں نے گوادر کے ستر ٹرانسفارمر کو غائب کر کے فروخت کر دیئے ہیں ، مرمت کے نام پر سی ایم کے جاری کردہ پچاس لاکھ بھی واپڈا انتظامیہ ہڑپ کرگئے، سول ہسپتال میں نا اہل ایم ایس کو سیاسی ووٹوں کی بنیاد پر تعینات کردیاگیاجو کہ سول ہسپتال کے تمام بجٹ کو ہڑپ کر دیا اور ہسپتال میں سردرد کی گولی بھی نہیں ملتی، جی ڈی اے ہسپتال کے خالی بلڈنگ میں سیاسی بنیاد کا انچارج تعینات کیا گیاہے جو کہ ماہانہ لاکھوں روپے کا تنخواہ وصول کررہاہے، انہوں نے کہا کہ تمام ادارے بے لگام ہو گئے ہیں، عوام ان سے تنگ آچکے ہیں اور پہاڑوں کا رخ کر رہے ہیں، اگر ہماری پُر امن وجمہوری جدوجہد کو سبوتاژ کر نے کی کوشش کی گئی تو ہم بھی پہاڑوں کی طرف ہتھیار اٹھا کر رخ کریں گے، انہوں نے کہا کہ گوادر کے مسائل گوادر کے عوام کے منتخب کردہ ایم این اے اور ایم پی اے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی حل نہیں کررہے ہیں بلکہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، انہوں نے عوامی مسائل پر چشم پوشی اختیار کیا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر گوادر کے مسائل حل نہ ہوئے تو آئندہ جدوجہد کوتیز اور سخت کیا جائیگا اور پہیہ جام ہڑتال بھی کی جائے گی، احتجاجی کیمپ میں گوادر ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین بابو گلاب نے اظہار ہمدردی کیلئے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا