کوئٹہ: کلی کمالو سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد کرلی گئی۔ پولیس کے مطابق تھانہ کیچی بیگ کی حدود میں کلی کمالوسے ایک شخص کی لاش ملی جسے نامعلوم افرا دنے ہاتھ پاؤں باندھ کر گلہ دبا کر قتل کیا ہے۔مقتول کی شناخت جیب سے برآمد ہونے والے شناختی کارڈ سے ڈھاڈر کے رہائشی غلام قادر ولد خدا بخش کے طور پر ہوئی ۔ لاش ضروری کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردی گئی۔ دریں اثناء کوئٹہ کے نواحی علاقے نوحصار سے28سالہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد کرلی گئی۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ سے شمال مغرب میں تقریباً 20کلو میٹر دور نوحصار کے علاقے ریگی ناصران چوکی کے ساتھ پل کے نیچے لیویز کو ایک شخص کی لاش ملی ہے ۔ نوحصار لیویز تھانے کے عملے نے لاش سول اسپتال کوئٹہ پہنچادی جہاں ڈاکٹر کے مطابق لاش پر تشدد کے نشانات ہیں ۔27،28سالہ نوجوان شکل و صورت سے پشتون /افغانی معلوم ہوتا ہے اور اس کی ہلکی داڑھی ہے۔ تاہم شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ لاش ضروری کارروائی کے بعد اسپتال کے مردہ خانے میں رکھوادی گئی۔ لیویز نے مقتول کی شناخت کیلئے نادرا سے مدد حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں فنگر پرنٹ حاصل کرکے نادرا کو بجھوائے جائیں گے۔