|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2015

کوئٹہ:  سریاب روڈ پر فرنٹیئر کور کے اہلکاروں پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق واقعہ سریاب روڈ پر ولیج ایڈ (ولی جیٹ) کے مقام پر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے محکمہ زراعت کے مرکزی دروازے پر دستی بم پھینکا جو دروازے کے پلر کے ساتھ لگ کر باہر گرا اور زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ محکمہ زراعت کے دفتر کے اندر ایف سی کا کیمپ قائم ہے۔ حملے کے وقت بھی مرکزی دروازے پر اندر کی طرف ایف سی اہلکار تعینات تھے جو حملے میں محفوظ رہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس، ایف سی موقع پر پہنچی اور بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے فاصلے سے دستی بم پھینکا اس لئے جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کی جگہ چھ انچ کا گڑھا بھی بنا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے ملنے والے دستی بم کے ٹکڑے ایف سی کے حوالے کردیئے۔ پولیس نے حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی،علا وہ ازیں سبی میں فائرنگ رینج میں کھدائی کے دوران گولہ پھٹنے سے دو ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق سبی کے نواحی علاقے ناڑی گیج میں فرنٹیئر کور بلوچستان سبی اسکاؤٹس کے اہلکار تربیت کی غرض سے فائرنگ رینج کیلئے کھدائی کررہے تھے اس دوران زیر زمین پرانے مارٹر گولہ دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے سے سپاہی بہادر خان کو پاؤں اور اور محمد شفیق کو دونوں ہاتھوں پر زخم آئے۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ سبی منتقل کردیاگیا،دریں اثناء ڈیر ہ بگٹی میں بارودی سرنگ دھماکے میں اونٹ مر گیا۔ لیویز کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے پیر کوہ میں بیکڑ کے مقام پر نامعلوم افراد کی جانب سے زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ پر اونٹ کا پاؤں آگیاجس سے دھماکا ہوا اور اونٹ موقع پر ہی مر گیا۔