|

وقتِ اشاعت :   May 26 – 2015

کوئٹہ:  ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد شہر میں دفعہ 144نافذ کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، اسلحہ ساتھ لیکر چلنے اور پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کردی گئی، خلاف ورزی پر7افراد کو گرفتار اور 650موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لی گئیں۔ سرچ آپریشنز میں ایک خطرناک دہشتگرد سمیت26مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ تین دنوں کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں پانچ افراد کی ہلاکت اور دس سے زائد افراد کے زخمی ہونے کے بعد شہر یوں میں خوف کی فضاء رہی۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس کی اپیل پرشہر میں جزوی شٹر ڈاؤن رہا ۔لیاقت بازار ، جناح روڈ، علمدار روڈ، طوغی روڈ اور ملحقہ علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں ۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے ۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق کوئٹہ شہر میں امن وامان کی خراب صورتحال کے پیش نظر شہر میں فوری طور پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ نافذ کردی گئی جس کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ ساتھ لے کر چلنے پر پابندی ہوگی جبکہ پانچ سے پانچ سے زائد افرا دکے اجتماع پر پابندی عائد کردی گئی۔ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکار بھی متحرک ہوگئے۔ شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً حساس مقامات پر پولیس اور ایف سی کے مسلح دستے بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ گشت کرتے رہے۔ جبکہ شہر میں جگہ جگہ ناکے لگا کر دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی گئیں۔ پولیس کے مطابق ایف سی اور پولیس نے مشترکہ کارروائیوں میں ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر650موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لیا جبکہ 7افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جن سے اسلحہ برآمد کیا گیا۔ علاوہ ازیں پولیس نے شب گزشتہ سریاب ، بروری اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چھاپوں کے دوران پچیس سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق سریاب کے علاقے میں حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے ایک خطرناک ملزم کو بھی گرفتار کرلیا جس سے اسلحہ بھی پکڑا گیا۔ ملزم کو مزید تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام منتقل کیا گیا ۔گرفتار ملزم کا تعلق کالعدم مذہبی تنظیم لشکر جھنگوی سے بتا یا جا تا ہے۔