کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں ملتان جانے والی مسافر بس پر فائرنگ سے ایک سیکورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ ڈرائیور سمیت تین افرادزخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے ۔ لیویز کے مطابق نیو افغان ٹرانسپورٹ کمپنی کی ڈائیو بس رجسٹریشن نمبر LES-1لورالائی سے ملتان جارہی تھی ۔ راستے میں لورالائی کی تحصیل میختر سے تقریباً پچاس کلو میٹر دور ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری میں کجھوری کے مقام پر نامعلوم افراد نے بس پر فائرنگ کردی ۔ فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا اہلکار رفیع اللہ ولد احمد جان مروت سکنہ ڈیرہ اسماعیل خان جاں بحق جبکہ ڈرائیور عبداللہ اور دو مسافر ساجد حسین ولد مقبول حسین سکنہ ملتان اورسکندر سنگھ ولد بسما سنگھ سکنہ ملتان زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے ۔اطلاع ملنے پر لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ جاں بحق اہلکار کی لاش ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے کو روانہ کردی گئی جبکہ زخمی افراد کو کنگری کے سول اسپتال منتقل کردیاگیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جاں بحق رفیع اللہ دیگر تین ساتھیوں کے ہمراہ چھٹیوں پر اپنے گھر جارہا تھا ۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق بظاہر واقعہ لورالائی کی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے درمیان تنازعہ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم واقعہ کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی گئی ۔