|

وقتِ اشاعت :   June 1 – 2015

کوئٹہ:  بی ایس او آزاد کے مرکزی ترجمان نے گزشتہ رو ز مستونگ میں ہونیوالے واقعہ اور اس کے رد عمل کے نام پر ہونے والی کاروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ قومی تحریک ایک سیاسی تحریک ہے،بی ایس او آزادکسی بھی قومیت سے تعلق رکھنے والے عام لوگوں کو قتل کرنے کے واقعات کی مذمت کرتی ہے۔ گزشتہ روز مستونگ میں پشتو ن قومیت سے تعلق رکھنے والے نہتے لوگوں پر حملہ جیسی کاروائیاں قومی تحریک کے لئے نیک شگون نہیں ہیں۔ اس طرح کی کاروائیوں سے قومی تحریک کے خلاف عالمی سطح پر غلط تاثر پھیلنے کے ساتھ ساتھ ہمسایہ قومیتوں کے اندر بھی غلط فہمیاں پھیل سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا، و دیگر ادارے قومی تحریک کے خلاف منفی پروپگنڈوں میں مصروف ہیں، تاکہ قومی آزادی کی تحریک کو غلط رنگ دے کر بلوچ، پشتوں و دیگر قومیتوں کے آپسی تعلقات کو متاثر کرسکیں۔ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز کے واقعات کے بعد فورسز نے جوابی کاروائی کے نا م پر بڑے پیمانے پر مستونگ و گرد و نواح میں آپریشن کرکے لوٹ مار و تشدد کے بعد دو درجن سے زائد مقامی بلوچ فرزندوں کو اغواء کر لیا۔ جن میں متعدد کی مسخ شدہ لاشیں پھینکی گئیں، جبکہ باقی فرزندان تاحال فورسز کی تحویل میں ہیں۔ فورسز کی تحویل میں ان کی زندگیوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں، علاوہ ازیں آج صبح پنجگور کے علاقے پروم میں ایک کمسن چرواہا وزیر ولد امین اللہ کو فورسز نے نشانہ بنا کر شہید کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اس طرح کے نسل کشی کی کاروائیاں چائنا کی بلوچستان میں سرمایہ کاریوں کے اعلانات کے بعد سے شدت اختیار کرگئے ہیں۔ سرمایہ کار کمپنیاں بلوچ قومی تحریک کے خلاف ریاستی فورسز کی مدد کررہے ہیں۔ جس طرح چائنا کی سرمایہ کار کمپنیاں برما و افریقی ممالک میں اپنی استحصالی منصوبوں کی تکمیل کے لئے مقامی آبادیوں کو تقسیم کرکے آپس میں لڑا رہی ہیں، اسی طرح بلوچستان میں بھی مذکورہ کمپنیاں بلوچ معاشرے کو تقسیم کرنے کے لئے فورسز کا ساتھ دے رہی ہیں۔ بی ایس او آزاد کے ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچ قومی تحریک کے خلاف ریاستی تمام اداروں سمیت بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے والی عالمی کمپنیا ں متحد ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ تحریک انسانی برابری و قومی آزادی پر یقین رکھنے والی ایک سیاسی تحریک ہے۔ان حالات میں مستونگ میں رونما ہونے والے واقعہ طرز کی کاروائیاں قومی تحریک کو عالمی سطح پر غلط رنگ میں پیش کرنے کی ریاستی سازشوں میں معاون ہو سکتے ہیں ۔