کوئٹہ: وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کو شکست دینے کے لئے ہمیں یکجہتی اور ہمت کیساتھ کام کرنا ہوگا ،بلوچستان ہو یا ملک کے دوسرے علاقے ہر جگہ پر پاکستان کے دشمنوں کو شکست دینا ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی او ربیرونی دشمن عناصر پاکستان کی ترقی سے خوش نہیں ہیں ہمیں دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنی ہوگی وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کو بڑی کامیابیاں ملی ہیں اور اب آئی ڈی پیز کو واپس ان کے گھروں کو بھیجا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ترقی اور خوشحالی کی سمت پر گامزن ہے اورانشاء اللہ آئندہ ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگئی ۔ جس سے عوام خوشحال ہوگا ۔اجلاس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی،وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ، سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اﷲ زہری، صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن، آئی جی پولیس محمد عملیش، ڈی جی آئی بی ،سیکٹر کمانڈر آئی ایس آئی، سیکٹر کمانڈ رایم آئی اور دیگر اعلیٰ حکام موجودتھے۔