گوادر: بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ وخودساختہ بندش کیخلاف اور دیگر ضلعی انتظامیہ کی نااہلی بھتہ خوری وکرپشن کیخلاف آل پارٹیز کی اپیل پر شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن وپہیہ جام ہڑتال، ہڑتال کے سبب تمام سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضریاں نہ ہونے کے برابر ہے، تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کرپشن وبھتہ خوری اور عوامی مسائل کے حل سے چشم پوشی کیخلاف آل پارٹیز کی جانب سے پیر کے دن گوادر میں شٹر ڈاؤن وپہیہ جام ہڑتال رہا، جس کے سبب کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا جبکہ گوادر پورٹ اور دیگرسرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضریاں نہ ہونے کے برابر ہے، اس سلسلے میں آل پارٹیز کے زیر اہتمام شہدائے جیونی چوک سے ایک ریلی نکالی گئی ،ریلی نے شہر کے مختلف شاہراہوں پرگشت کرتے ہوئے نعرہ بازی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ہاؤس گوادر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا، احتجاجی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے آل پارٹیز کے سربراہ ونائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن بلوچ یوسف فریادی ، سرفراز بلوچ انجمن تاجر کے صدرحاجی غلام حسین شکیل کے ڈی محمد بزنجو، شیر جان صالح ودیگر نے کہا کہ گوادر کے عوام پر امن اور شریف شہری ہیں، ہماری شرافت کو دیکھ کر ہمارا مذاق نہ اڑایا جائے، گوادر کے عوام غریب سے غریب تر ہو رہے ہیں اور سرکاری آفیسران خاص کر کیسکو محکمہ کے آفیسران امیر سے امیر تر ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم ڈپٹی کمشنر گوادر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ رضا کارانہ طور پر گوادر چھوڑ کر اپنے تبادلے کیلئے حکومت کو درخواست دیں، انہوں نے کہا کہ گوادر میں خودساختہ لوڈ شیڈنگ کے شیڈول کو ہم مسترد کرتے ہیں، انہوں نے پاک فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اب ان کے مسائل حل کرنے میں مدد دیں کیونکہ سو یلین گوادر کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، آل پارٹیز نے اپنے تین مطالبے پیش کر دیئے، ڈپٹی کمشنر رضا کارانہ طور پر مستعفی ہو جائیں، ایکسین کیسکو ایس ڈی او اور دیگر واپڈا اہلکاروں کا فوری تبادلہ کیاجائے اور آئندہ ایک گھنٹہ کیلئے بھی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے، انہوں نے انتظامیہ کو تین دن کی مہلت دی مطالبہ پورا نہ ہونے کے بعد سخت احتجاج کیا جائے گا، دھرنے کے شرکاء پر امن طور پر منتشر ہوگئے، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری ڈی سی ہاؤس کے سامنے تعینات تھے