کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے کلی دیبہ میں نامعلوم افراد نے سابق سرکاری اہلکارکے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ہفتہ کی صبح تقریباً نو بجے پولیس تھانہ بروری کی حدود میں کلی دیبہ میں ارباب غلام علی روڈ پر واقع زاہد کالونی میں پیش آیا جہاں دو نامعلوم ملزمان نے بلوچستان ہائی کورٹ کے ریٹائرملازم بشیر احمد ولد محمد حسین سرپرہ بلوچ کے گھر پر دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا ۔ دھماکے سے گھر کے مرکزی دروازے کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے حملے سے پہلے گھر پر دستک دی ۔ بچوں کے نکلنے پر ان سے والد کا پوچھا ۔ جس پر بچوں نے بتایا کہ والد گھر میں موجود نہیں ۔ بچوں کے اندر چلے جانے کے کچھ دیر بعد ملزمان نے دستی بم پھینکا اور فرار ہوئے۔