|

وقتِ اشاعت :   June 9 – 2015

کوئٹہ: ہیڈکوارٹرفرنٹیئر کور بلوچستان میں امن وامان کے قیام کیلئے سیکیورٹی کانفرنس کا انعقادہوا۔ کانفرنس میں ایف سی ،سول انتظامیہ اورپولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔کانفرنس میں کوئٹہ شہرکی سیکیورٹی صورتحال پرتفصیلی بات چیت کی گئی۔تفصیلات کے مطابق ہیڈکوارٹرفرنٹےئرکور بلوچستان میں کوئٹہ شہرمیں امن وامان کے حوالے سے سیکیورٹی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس میں ایف سی،سول انتظامیہ اورپولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن نے کہا کہ قانون نافذکرنے والے تمام ادارے اپنی ذمہ داری کے علاقے میں امن وامان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور عوام کے ساتھ موئثر رابطہ رکھیں تاکہ شرپسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے ساتھ موئثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔آئی جی ایف سی نے صوبے میں دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے درمیان باہمی تعاون کی ضرورت کو ناگزیرقراردیا۔اس سلسلے میں شہر کے گنجان آباد علاقوں میں ناکہ بندی اور پٹرولنگ کے نظام کو مزید بہتر کیاجائے گا۔اس کے علاوہ انٹیلی جنس اداروں کے تعاون سے دہشتگردوں کے خلاف موئثرکارروائی کی جائے گی۔آئی جی ایف سی میجرجنرل شیر افگن نے مزید کہا کہ موجودہ سکیورٹی کانفرنس کا مقصدقانون نافذکرنے والے اداروں کے درمیان باہمی خیالات کاتبادلہ،اعتماد مضبوط کرنااورایک دوسرے کے قیمتی مشوروں سے شہر میں امن وامان کے حالات میں مزید بہتری لاناہے اورعوام کے جان ومال کی حفاظت کویقینی بناناہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیلئے پولیس،لیویز، اور بلوچستان کانسٹیبلری کی بھرپورٹریننگ کی جائے گی اوران کوضروری وسائل مہیا کرنے کیلئے صوبائی حکومت کوسفارشات پیش کی جائیں گی۔واضح رہے کہ کانفرس سے پہلے آئی جی ایف سی نے کوئٹہ شہرکا دورہ کیا اورسیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ آئی جی ایف سی نے دورے کے دوران علاقے میں موجودسیکیورٹی اہلکاروں کوامن وامان بہتر بنانے کیلئے چوکس رہنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزیدکہا کہ امن وامان کے قیام کیلئے ایف سی ،پولیس اور سول انتظامیہ مربوط حکمت عملی اختیارکریں تاکہ ملک دشمن عناصراپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکیں۔