|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایڈیشنل ایس ایچ او جاں بحق ہوگئے ۔پولیس کے مطابق واقعہ کوئٹہ سے ملحقہ ضلع مستونگ کے علاقے کلی ریکی میں اس وقت پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے مستونگ پولیس تھانے کے ایڈیشنل اسٹیشن ہاؤس آفیسر(ایس ایچ او)عبدالقدوس ولد عبدالغنی بنگلزئی اپنی کرولا گاڑی میں تھانے سے کلی ریکی میں واقع اپنے گھر جارہا تھا۔ فائرنگ کے نتیجے میں عبدالقدوس موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی تعداد دو تھی جو موٹر سائیکل پر سوار تھے اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ واقعہ میں نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا جس کے گولیوں کے دس خالی خول موقع سے پولیس کو ملے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ عبدالقدوس مستونگ تھانے کے ایس ایچ او کے ہمراہ کوئٹہ میں محکمہ داخلہ میں لاپتہ افراد کے کمیشن کی سماعت میں پیش ہونے کے بعد واپس مستونگ پہنچے تھے۔