کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے تربت میں لئے کنویں میں اترنے والے پانچ افراد دم گھٹنے سے جاں بحق جبکہ ایک بے ہوش ہو گیا۔ لیویز کے مطابق واقعہ ضلع کیچ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر تربت سے تقریباً پینتیس کلو میٹر دور نودز میں پیش آیا جہاں صاف پانی کے کنویں کی صفائی کیلئے ایک شخص اترا ۔ کنویں کی صفائی کیلئے نیچے بجلی کا جنریٹر اتارا گیا تھا جسے چالو کرتے ہی کنویں میں دھواں بھرنا شروع ہوگیا ۔زیادہ دھواں بھرنے سے کنویں میں اترنے والا شخص بے ہوش ہوگیا۔ مدد کیلئے جانے والے پانچ دیگر افراد بھی بے ہوش ہوگئے ۔ اطلاع ملتے ہی علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد اور لیویز فورس مدد کیلئے پہنچی ۔ ڈپٹی کمشنر کیچ کے مطابق کنویں میں اترنے والے تمام چھ افراد کو نکال لیا گیا تاہم ان میں سے پانچ افراد کی دم گھٹنے کے باعث موت واقع ہوگئی جبکہ بلال ولد نبی بخش کو بے ہوشی کی حالت میں سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت آدم ولد کمال ، جمعہ ولد عیسیٰ ، غلام سرور ولد محمد رمضان، نذیر احمد ولد اللہ راضی اورسعد اللہ ولد رحمت اللہ اقوام بلوچ کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ پانچوں افراد کا تعلق نودز سے تھا۔ تربت سمیت مکران ڈویژن کے تینوں اضلاع میں تین روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث پانی کی قلت ہے۔