|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2015

کوئٹہ; کوئٹہ میں حسا س ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے درجنوں افراد کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کے اہم ٹارگٹ کلرکو گرفتار کرلیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق حساس ادارے نے یہ کارروائی چند روز قبل خفیہ اطلاع ملنے پر سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے میں کی تھی ۔ کارروائی کے دوران ایک مکان سے کالعدم علیحدگی پسند تنظیم کے اہم رکن کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے بھاری رقم برآمد کی گئی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کوئٹہ اور ا س سے ملحقہ علاقوں میں پولیس اور سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے آباد کاروں سمیت درجنوں افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔ گزشتہ چار سال کے دوران کوئٹہ میں ہونے والی بیشتر ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ بھی تھا۔ تاہم گرفتار ملزم کا نام صیغہ راز میں رکھا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کے انکشافات کی روشنی میں حساس ادارے نے تفتیش کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے ۔ ملزم کی نشاندہی پر اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزم بیرون ملک سے ہدایات لے کر وارداتیں کرتا تھا اور اس کے اکاؤنٹ میں بیرون ملک سے بھی پیسہ ٹرانسفر ہوتے رہے ہیں ۔ ملزم ہنڈی کے ذریعے بھی بھاری رقم منگواتا رہا ہے ۔