|

وقتِ اشاعت :   June 26 – 2015

کوئٹہ:  بلوچستان کے ضلع سبی اور بختیار آباد میں زمین اور پانی کے تنازعہ پر تصادم میں دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق سبی کے نواحی علاقے مل گشکوری میں عزت واہ کے مقام پر نامعلوم افراد نے محمد انور گشگوری ولد افتخار خان گشوری اور عبدالستار ولد حمل خان گشکوری کو اس وقت فائرنگ کرکے قتل کردیا جب وہ اپنی اراضی کو سریاب کررہے تھے۔ ملزمان کلاشنکوف کے ذریعے اندھا دھند فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو سول اسپتال سبی پہنچایا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ جاں بحق افراد آپس میں ماموں اور بھانجے بتائے جاتے ہیں ۔ دوہرے قتل کے اس واقعہ کی وجہ زمین کا تنازعہ بتایا جاتا ہے۔ لیویز فورس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔ دریں اثناء بختیار آباد کے قریب موضع تنویہ میں ٹالانی قبیلے کے دو گروہو میں زمین کے تنازعہ پر تصادم ہوا جس کے دوران چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک گروہ کے پنل خان ولد تاج محمد ، محمد بشیر ولد کندا خان اور دوسرے گروہ کے اللہ رکھیا ولد شیر جان اور اس کا بھائی سلیم خان شامل ہیں۔ واقعہ کی وجہ پانی کی تقسیم کا تنازعہ بتایا جاتا ہے۔