|

وقتِ اشاعت :   June 27 – 2015

ڈھاڈر: آل پارٹیز ایکشن کمیٹی ڈھاڈر کا غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف واپڈا آفس ڈھاڈر کاجلاؤ گھیراؤ۔ موٹر سائیکلوں پر مشتمل ریلی کی قیادت آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کے چئیرمین ،میونسپل کمیٹی ڈھاڈر کے چئیرمین سید محمد علی شاہ نے کی۔غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے ماہ رمضان میں جینا محال کر دیا ہے۔شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے کراچی کی طرح یہاں بھی انسانی جانوں کا المیہ جنم لے سکتا ہے۔مظاہرین سے سید محمد علی شاہ،مولانا حافظ محمد یعقوب،نوروز ایری دیگر کا خطاب۔آل پارٹیز ایکشن کمیٹی ڈھاڈر کے چئیرمین،میونسپل کمیٹی ڈھاڈر کے چئیرمین سید محمد علی شاہ کی قیادت میں دو درجن کے قریب موٹر سائیکلوں پر مشتمل ریلی نے بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل ترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف واپڈا آفس ڈھاڈر کا گھیراؤ کیا اس موقع پر منتشر مظاہرین نے واپڈا کے خلاف شدیدنعرہ بازی کی اور دفتر میں گھس کر کئی کرسیوں سمیت دیگر اشیاء کو آگ لگا دی اس موقع پر آفس میں کوئی بھی اہلکار موجود نہ تھا۔بعد ازاں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آل پارٹیز ایکشن کمیٹی ڈھاڈر کے چئیرمین سید محمد علی شاہ،مولانا حافظ محمد یعقوب،نوروز ایری اور دیگر مققررین نے کہا کہ ڈھاڈر میں واپڈا نے اپنی من مانی شروع کر رکھی ہے ماہ رمضان میں بجلی کی طویل ترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روزہ دار بھی بدحال ہو جاتے ہیں کئی بار واپڈا حکام سے مالاقاتیں کرکے اس مسئلہ کو حل کرنے کا کہا مگر آئے روز طفل تسلیاں دی جاتی ہے جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی نہیں آئی انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں بجلی کی بندش سے کراچی جیسے انسانی جانوں کا المیہ جنم لے سکتا ہے۔انہوں نے واپڈا حکام کودو دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل ترین لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر قومی شاہراہ کو بلاک کرکے بھرپور احتجاج کیا جائے گا جسکی تمام تر ذمہ داری واپڈا حکام پر عائد ہوگی۔