کوئٹہ: کوئٹہ میں زرغون روڈ پر افطار سے کچھ دیر قبل ہونے والے بم دھماکے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق جمعہ کی شام سوا سات بجے تھانہ سول لائن کی حدود میں زرغون روڈ پر اکرم اسپتال کے سامنے فلائی اوور کے نیچے پارکنگ ایریا میں زوردار دھماکا ہواجس کے نتیجے میں میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں ، پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی ۔زخمیوں میں کوئٹہ کے علاقے ارباب غلام علی روڈ کا رہائشی 23سالہ شیروز ولد فیض جان خلجی اور چشمہ اچوزئی کا رہائشی 30سالہ سعادت خان ولد عبدالعلیم کاکڑ شامل ہیں۔ جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا ۔ڈاکٹروں کے مطابق شیروز کو دائیں ہاتھ اور بازو پر جبکہ سعادت خان کو چہرے اور دائیں ہاتھ پر زخم لگے ہیں اور دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دھماکا چار کلو دیسی ساختہ ٹائم ڈیوائس بم کے ذریعے کیا گیا ۔دھماکے میں بارودی مواد کے علاوہ نٹ بولٹ کا استعمال بھی کیا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم فلائی اوور کے نیچے پارک کی گئیں دو گاڑیوں کے درمیان رکھا گیاتھا۔ دھماکے سے دو گاڑیوں رجسٹریشن نمبرASA417اور U-5634کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد اور گاڑیاں ڈبل روڈ سے گزر رہی تھیں تاہم خوش قسمتی سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کے بعد ڈبل روڈ پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔