|

وقتِ اشاعت :   July 11 – 2015

کوئٹہ: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہتھیار ڈال کر قومی دھارنے میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ بلوچستان میں توانائی اور تجارت کا علاقائی مرکز بننے کی صلاحیت کو سول ملٹری مشترکہ اپروچ کے ذریعے دیکھا جانا چاہیے۔پاک فوج صوبے میں امن ، ترقی و خوشحالی کیلئے بلوچستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ کے ایک روزہ دورے کے موقع پر سدرن کمانڈ میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے تو ایئر پورٹ پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ کوئٹہ پہنچنے کے فوری بعد جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کے سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف کو کمانڈر سدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کی جانب سے بلوچستان میں سلامتی اور امن وامان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی میجر جنرل رضوان اختر، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ ، آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن اور دیگر اعلیٰ فوجی و سول حکام بھی موجود تھے۔ پاک فوج کے سربراہ نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ایف سی اور پولیس کی جانب سے دہشتگردوں، جرائم پیشہ عناصر اور فرقہ وارانہ تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف کامیاب ٹارگٹڈ آپریشنز کے نتیجے میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری لانے پر ایف سی ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی۔ جنرل راحیل شریف نے یقین دلایا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے پاک فوج بلوچستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان توانائی اور تجارت کے علاقائی مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ صوبے کی سلامتی اور ترقی کیلئے سیاسی و عسکری سطح پر جامع نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل نے بلوچستان میں تشدد کا راستہ ترک کرنے اور ہتھیار ڈالنے والوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ تشدد کا راستہ اپنانے والوں کا دوبارہ قومی دھارنے میں شامل ہونا حوصلہ افزا ہے۔ ایسے افراد کی بحالی کیلئے ہر ممکن مدد کی جائے گی تاکہ وہ دوبارہ پرامن اور بہتر شہری کی حیثیت سے زندگی گزار سکیں۔ جنرل راحیل شریف نے بلوچستان میں سڑکوں کے نیٹ ورک کی بہتری کیلئے عسکری تعمیراتی ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی کوششوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔