|

وقتِ اشاعت :   July 12 – 2015

کوئٹہ:  بلوچستان کے ضلع لورالائی میں رشتے کے تنازعہ پر دو خواتین سمیت تین افراد کو اغواء کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ضلع لورالائی کی تحصیل دکی کے علاقے کلی رباط میں پیش آیا جہاں سیکورٹی فورسز کی وردی میں ملبوس دس سے زائد افراد خلیل احمد ولد محمد عمر سمالانی کے گھر میں داخل ہوئے۔ مسلح افراد نے خلیل احمد اور اس کی اہلیہ شاہ بی بی اور تئیس سالہ بانو بی بی دختر محمد عظیم کو اسلحہ کے زور پر اغواء کرلیا اور نامعلوم مقام کی طرف فرار ہوگئے۔ اغواء کار سفید رنگ کی ڈبل ڈور گاڑی میں سوار تھے۔ اغواء کاروں نے خلیل احمد کو کچھ فاصلے پر لے جاکر کالا شہر کے مقام پر چھوڑ دیا جبکہ دونوں خواتین کو اپنے ہمراہ لے گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور لیویز موقع پر پہنچ گئی اور اغواء کاروں کا تعاقب بھی کیا تاہم کوئی کامیابی نہیں مل سکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی وجہ رشتہ کا تنازعہ ہے۔