کوئٹہ: نصیرآباد ، بولان ، جھل مگسی اور ژوب میں بارش کے بعد گرمی کاز ور ٹوٹ گیا۔ نصیرآباد کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ کچے مکانات گرنے اور کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران سبی، ژوب، قلات، کوئٹہ اورنصیرآباد میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشنگوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے وران صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ کوئٹہ، قلات اور ژوب ڈویژن کے علاقوں میں مطلع ابرآلود رہا ۔سبی اورنصیرآباد ڈویژن کے بعض علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش بارکھان میں27.7ملی میٹر، سبی میں پانچ جبکہ ژوب میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کوئٹہ میں کم سے کم18اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 46فیصد رہا۔ قلات میں درجہ حرارت 32سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ سب سے گرم ترین مقام کیچ (تربت ) رہا جہاں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ۔ اسی طرح نوکنڈی میں44، دالبندین 43 جبکہ پنجگورمیں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔نمائندہ آزادی کے مطابق ہفتہ کی علی الصبح ضلع نصیرآباد کے علاقوں ڈیرہ مراد جمالی ،بابا کوٹ ،منگل کوٹ ،چھتر ،منجھو شوری ،نوتال سمیت دیگر علاقوں میں تیزاہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش شروع ہوگئی جو وقفہ وقفہ سے تین گھنٹے تک جاری رہی۔ بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آنے سے بارش کا پانی گھروں دکانوں میں داخل ہو گیا جس سے اناج گھریلو سامان بارش کی نذر ہوگیا ۔مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے سے درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے اوربجلی کا طویل بریک ہوا جس سے روزہ داروں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا جبکہ ڈیرہ مراد جمالی کی واپڈا کالونی میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے بارہ سالہ بچہ ظہیراحمد ہلاک ہو گیا اور منجھوشوری میں کچے مکان کی چھت گرنے سے ایک عورت کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے جبکہ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا موسم خوشگوار ہونے سے روزہ داروں اور شہریوں نے شکرانہ کے نوافل ادا کئے۔ چھتر سے نامہ نگار کے مطابق نصیر آباد کے علاقے چھتر میں تیز ہواؤں کے ساتھ برسنے والے موسلا دھار بارش کے باعث گوٹھ ماچھی کنری قلندرانہ شاہ پور کنڈی موندر پیروپل حمید آباد میرحسن گوٹھ نبی بخش کھوسہ گوٹھ منظور حسین ربعی کے علاقوں میں نو کچے مکانات گر گئے جبکہ متعدد کو نقصان پہنچا۔ جس کے نتیجے میں ایک عورت سمیت ایک بچہ اور مرد زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔ تیز ہواؤں نے بجلی کی تاریں بھی کئی مکانات پر گرا دی علاقہ میں راسستے کچے ہونے کی وجہ سے آمدروفت معطل ہوگئی جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔بارش نے گرمی کی شدت کو بھی کم کر دیا موسم خوشگوار ہو گیا پٹ فیڈ ر بیرون لاکھوں ایکڑ بنجر زمین کی آبادی اور تالابوں میں پانی کا انحصاربھی بارشوں پر ہوتا ہے کئی تالاب پانی سے بھر گئے اور پہاڑوں پر پانی برسنے کی وجہ سے وہاں سے پانی کی ریلے آنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس سے سینکڑوں بنجر زمین کوسریاب کیا جا سکتا ہے چھتر کے پٹ فیڈر بیرون علاقہ میں رہنے والے لوگوں میں بارش کی وجہ سے خوشی کی لہڑ دوڑ گئی۔ نصیرآباد سے ملحقہ ضلع جھل مگسی میں مون سون کی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔بولان کے علاقے ڈھاڈر اور گرد نواح میں شب گزشتہ شدید بارشوں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔شہریوں کے چہرے خوشی سے کھلے اٹھے اور انہوں نے ماہ صیام کی پہلی بارش سے خوب لطف اٹھایا ۔ مگرانکی خوشی اس وقت پھیکی پڑ گئی جب باراں رحمت کی پہلی بوند پڑتے ہی بجلی غائب ہو گئی ۔جو کئی گھنٹے تک غائب رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسی خیل، ژوب، شیرانی، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، زیارت، ہرنائی، مستونگ، بارکھان، قلعہ عبداللہ، نوشکی، کوئٹہ، سبی، ژوب، بارکھان، موسی خیل، پشین، ہرنائی ، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، بولان، جھل مگسی، نصیر آباد، جعفر آباد، قلات، خاران، خضدار، آواران، لسبیلہ اور زیارت کے اضلاع میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ کوئٹہ میں موسم گرج چمک کے ساتھ اور تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ موسم آبرد رہنے کا امکان ہے۔ درجہ حرارت 33سے 35درجہ سینٹی گریڈ تک جاسکتاہے۔ گوادر، کیچ، واشک اورچاغی میں موسم بہت گرم اور خشک رہنے اور درجہ حرارت 40سے47درجہ سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ اسی طرح پنجگور میں موسم گرم اور جزوی آبر آلود رہنے کا امکان ہے ۔