کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے تربت میں ذاتی رنجش اور لین دینے کے تنازعے پرایک ملزم نے فائرنگ کرکے تین افراد کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کردیا۔ قاتل کو مقتولین کے رشتہ داروں نے گولیاں مار کر قتل کردیا۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے ایک ساتھی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹرتربت کے علاقے سلالہ بازار میں پیش آیا جہاں ملزم جمیل ولد میار نے دل مراد نامی شخص کے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس سے دل مراد کا بیٹا عبدالستار جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں دل مراد کا اختر محمد ، اعجاز ولد لال جان اور سلمان ولد اختر شامل ہیں۔ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اور مقتول ہمسائیے ہیں اور ان کا ہفتہ کی شام کو کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا۔ اسی طرح کا ایک اور واقعہ تربت ہی کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں پیش آیا جہاں ایک گھر سے دو افراد کی لاشیں ملیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق لاشوں کی شناخت سیٹلائٹ ٹاؤن کے رہائشی سیٹھ سراج ولد کینگی اوراس کے ملازم وسیم ولد عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق دونوں افراد کو سلالہ بازار فائرنگ میں ملوث ملزم جمیل نے ہی قتل کیا اور فرار ہوگیا۔ دونوں واقعات میں ہلاک ہونے والے تینوں افراد کی لاشیں اور تینوں زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال تربت پہنچایا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے آبسر میں چھاپہ مار ملزم جمیل کے ایک ساتھی زبیر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق زبیر نے بتایا ہے کہ ملزم جمیل سیٹھ سراج کے ساتھ کام کرتا تھا ۔ سیٹھ سراج نے اس بات پر غصہ کیا تھا کہ جمیل نے سلالہ بازار فائرنگ کے واقعہ میں اس کی گاڑی استعمال کی تھی۔ تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم جمیل اور سیٹھ جمیل دونوں منشیات کا کاروبارکرتے تھے اور ان کا جھگڑا لین دین کے تنازعے پر ہوا ۔ دریں اثناء مفرور ملزم جمیل کو تربت کے علاقے دھوبی گلی میں نامعلوم افراد نے قتل کردیا۔ ملزمان سفید کروالا گاڑی میں تھے اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والے سیٹھ سراج کے نامعلوم رشتہ دارتھے ۔