|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان ضلع آواران میں سرچ آپریشن میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ قلات اور جعفرآباد میں ایف سی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائیوں میں کالعدم تنظیم کے تین ارکان سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ایف سی ترجمان کے مطابق ضلع آواران کی تحصیل مشکے میں ایف سی نے خفیہ اطلاع پر کالعدم تنظیم کے خلاف سرچ آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے دو ملزمان مارے گئے۔ ہلاک ملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ادھر ضلع جعفرآباد کی تحصیل اوستہ محمد کے علاقے گنداخہ کے قریب گوٹھ فضل محمد میں ایف سی اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر ایک گھر پر چھاپہ مارا اور اشتہاری ملزم فضل محمد جمالی کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ پکڑے جانے والے اسلحہ کی ایف سی ہیڈکوارٹرڈیرہ مرادجمالی میں نمائش کی گئی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ایف سی حکام نے بتایا کہ برآمد ہونے والے اسلحہ میں ایل ایم جی چارعدد،اینٹی ایئر کرافٹ گن ایک عدد،راکٹ لانچرآٹھ عددگولے،دس عدد فیوز، ایک عدد گرنیڈ لانچر ، 23عدد گرینڈ، چھ عددکلاشنکوف،تین عددشاٹ گن،تین عددواکی ٹاکی سیٹس،ایک عدد ٹی ٹی پستول،گیارہ ہزار سے زائد گولیاں شامل ہیں ۔ایف سی حکام نے بتایاکہ برآمد ہونے والااسلحہ اندرون بلوچستان میں جرائم پیشہ سرگرمیوں میں استعمال ہونا تھا ۔دریں اثناء ضلع قلات کی تحصیل خالق آباد منگچر کے علاقے کلی نیچاری میں واقع ایک گھر پر ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جن کا تعلق کالعدم علیحدگی پسند بلوچ تنظیم بلوچ لبریشن آرمی سے ہے۔ گرفتار افراد سے تفتیش شروع کردی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں خلیل احمد ولد حاجی خدسر خان ،پالو ولد علی احمدعبدالماجد ولد حاجی محمد موسیٰ اقوام نیچاری شامل ہیں ۔