|

وقتِ اشاعت :   August 4 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ژوب اور ڈیرہ بگٹی میں ایف سی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائیوں میں تخریب کاری کی کوششیں ناکام بناکر بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ و بارود برآمد کرلیا ۔ایف سی ترجمان کے مطابق ایف سی اور حساس ادارے نے ژوب کے علاقے گوال کے قریب کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ایک مشتبہ ٹھکانے پر چھاپہ مارا اور وہاں سے ایک راکٹ لانچر، چار راکٹ گولے ، ایک لائٹ مشین گن اور اس کی چار سو گولیوں،ایک کلو بارودی موادکے علاوہ دیسی ساختہ بم میں استعمال ہونے والے آلات برآمد کرلئے۔ ان آلات میں بیس عدد بیٹریاں، دو عدد وولٹیج موٹر، چار عدد فیوز، دو عدد میگزین ، دس عدد ڈیونیٹرز ، دس عدد سلیکون ٹیوب ، ایک عدد ریموٹ اور آٹھ سو میٹر الیکٹرک وائرشامل ہیں ۔ تاہم کارروائی کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ ڈیرہ بگٹی میں ڈیرہ بگٹی پٹوخ روڈ کی تعمیر پر کام کرنے ولاے روڈ رولر کے ساتھ نامعلوم افراد نے دیسی ساختہ بم نصب کر رکھا تھا جسے ایف سی اہلکاروں نے ناکارہ بنادیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق دیسی ساختہ بم پانچ کلو وزنی تھا جسے بارودی سرنگ ، انٹینا، ڈیونیٹر کارڈ اور ڈیونیٹرزکی مدد سے بنایا گیا تھا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق نامعلوم تخریب کار تعمیراتی کمپنی کے عملے کو نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم ایف سی اہلکاروں نے ان کی کوشش ناکام بنادی ۔