|

وقتِ اشاعت :   August 6 – 2015

کوئٹہ:  وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آج مختصر دورے پر کوئٹہ پہنچیں گے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آج جمعرات کی صبح خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچیں گے۔ کوئٹہ پہنچنے پر ایئر پورٹ پر گورنر، وزیراعلیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام ان کا استقبال کریں گے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف ایئر پورٹ روڈ پر واقع زرعی کالج کو یونیورسٹی درجہ دینے کا اعلان کریں گے اور یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم کی آمد کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ایئر پورٹ سے گورنر ہاؤس تک تمام راستے پر پولیس، ایف سی اور اے ٹی ایف اہلکاروں کے علاوہ سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم میاں نواز شریف سریاب فلائی اوور پر تعمیر ہونے والے پل کا فتتاح جبکہ اسمنگلی روڈ پر کوئلہ پھاٹک فلائی اوور کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف گورنر ہاؤس میں امن وامان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق الگ الگ اجلاس کی صدارت بھی کریں گے ۔ اجلاس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام شرکت کریں گے ۔ ان اجلاسوں میں وزیراعظم کو بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال ، نیشنل پلان آف ایکشن پر عملدرآمد اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم کو ریاست کے خلاف جنگ ترک کرنے والے افراد کیلئے بلوچستان حکومت کی جانب سے اپنائی گئی مفاہمتی پالیسی پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ اس پالیسی کے تحت ہتھیار ترک کرنے والے افراد کو پانچ سے پندرہ لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ بلوچستان حکومت نے اس مفاہمتی پالیسی کے تحت اعلان کردہ ’’پرامن بلوچستان پیکیج ‘‘کیلئے وفاق سے تین ارب روپے طلب کئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کوئٹہ میں مسلم لیگ نواز اور بلوچستان حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں مری معاہدے پر عملدرآمد کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا ۔ اس معاہدے کے تحت دسمبر میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ تبدیل ہوجائیں گے اور آئندہ اڑھائی سال کی مدت کیلئے مسلم لیگ ن کا وزیراعلیٰ منتخب کرایا جائے گا۔